نئے سرکاری ملازمین کیلئے ڈیفائنڈ کنٹریبیوٹری پنشن سکیم نافذ
بنیادی تنخواہ کا 10فیصد کٹوتی، حکومت 12فیصد حصہ جمع کرے گی
ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب نے 7 جنوری 2024کے بعد بھرتی ہونے والے تمام سرکاری ملازمین کے لئے ڈیفائنڈ کنٹریبیوٹری پنشن سکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سکیم کے تحت نئے ملازمین کی بنیادی تنخواہ سے ماہانہ 10 فیصد کٹوتی کی جائے گی، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے 12 فیصد حصہ پنشن فنڈ میں جمع کروایا جائے گا۔حکام کے مطابق نئے ملازمین کو سیپ سسٹم میں شامل کرنے کے لئے پنشن فنڈ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا لازم ہوگا، جس میں اکاؤنٹ ٹائٹل، فنڈ منیجر کا نام، انویسٹر اکاؤنٹ نمبر، بینک کا نام اور آئی بی این نمبر شامل ہیں۔محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ سرکاری دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ نئے نظام کے تحت پنشن کی سہولت مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکے ۔ حکام نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوں گے ۔اس اقدام سے نہ صرف سرکاری ملازمین کے ریٹائرمنٹ کے بعد مالی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ پنشن نظام کو شفاف اور منظم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔