چک جھمرہ :عوامی سہولیات کیلئے ڈپٹی کمشنر کے متعدد اقدامات

 چک جھمرہ :عوامی سہولیات کیلئے ڈپٹی کمشنر کے متعدد اقدامات

موچی بازار میں بیوٹیفکیشن، گرین بیلٹ ورک اور دکانوں کی بہتری کا کام شروع

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل چک جھمرہ میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلعی سطح کے وسائل کو یکجا کرتے ہوئے متعدد بڑے اقدامات کیے ہیں۔بریفنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی فیصل آباد سے 100 سکلڈ ورکرز، واسا سے 50 ورکرز اور ضروری مشینری، انسداد تجاوزات کے لیے سول ڈیفنس سے 50 رضاکار، ضلع کونسل سے 25 سکلڈ بیلدار، ستھرا پنجاب سے 50 ورکرز اور لوکل گورنمنٹ سے 30 ورکرز کے علاوہ تمام ضلعی اداروں کے سربراہان و سٹاف کو ٹاسک تفویض کر کے تیز رفتار عملدرآمد کرایا گیا۔ایک روز میں تحصیل چک جھمرہ میں فوکس کرتے ہوئے واسا کی طرف سے تین بڑی بلاک سیور لائنز کلیئر کرائی گئیں، جھمرہ شہر کے مختلف مقامات سے سیوریج کے کھڑے پانی کو نکالا گیا، اور مین جھمرہ چنیوٹ روڈ و گرین بیلٹس میں تقریباً 2 ہزار پودے لگائے گئے۔

اسی طرح چک جھمرہ کے بازاروں میں انسداد تجاوزات کا بھرپور آپریشن کیا گیا اور ریلوے سٹیشن کے اردگرد دہائیوں سے بنی جھاڑیوں کو صاف کیا گیا۔موچی بازار میں بیوٹیفکیشن، گرین بیلٹ ورک اور دکانوں کی بہتری کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت جناح پارک میں بیبی جوائے لینڈ پر کام جاری ہے ، جبکہ 8 کلومیٹر ایریا میں کروو سٹونز کو پینٹ کر کے خوشنما بنایا گیا۔ قبرستانوں کی چاردیواریوں کو رنگا گیا، تحصیل کی تمام شاہراہوں پر صفائی کی گئی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں طبی و انتظامی امور کو چوکس رکھا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جھمرہ تا کھچیاں 5 کلومیٹر روڈ کی تعمیر کے لیے تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ایسے اقدامات ہر 15 دن بعد تحصیل چک جھمرہ میں دہرائے جائیں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں