گول باغ کا آرائشی منصوبہ 55 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل، افتتاحی تقریب
پارک کو از سر نو شاندار ،خوبصورت ، محفوظ تفریح گاہ میں تبدیل کیا گیا، واکنگ ٹریک، سرسبزلان، نشست گاہوں کی تنصیب ، شہر کے دیگر پارک بھی اپ گریڈ کرینگے ، کمشنر
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے گلگشت میں واقع گول باغ پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی کے بعد باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق اور منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کریم بخش بھی موجود تھے ۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ طویل عرصے سے بوسیدہ حالت کا شکار گول باغ پارک کو ازسرِنو ایک شاندار، خوبصورت اور محفوظ تفریح گاہ میں تبدیل کیا گیا ہے ، جہاں شہریوں، فیملیز اور بچوں کے لئے معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پارک میں واک ٹریکس، سرسبز لان، نشست گاہیں اور دیگر تفریحی سہولیات شامل کی گئی ہیں تاکہ شہری صحت مند اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژ ن کے تحت ملتان کو سرسبز اور خوبصورت شہر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گول باغ پارک کی طرز پر شہر کے دیگر پارکوں کو بھی مرحلہ وار جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کریم بخش نے بتایا کہ گول باغ پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی پر 55لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور یہ منصوبہ مکمل طور پر پی ایچ اے ملتان کی نگرانی میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے ۔