110 پارکنگ پوائنٹس کو مزید منظم و جاذب نظر بنانیکا فیصلہ

 110 پارکنگ پوائنٹس کو مزید منظم و جاذب نظر بنانیکا فیصلہ

سائٹس پر روڈ مارکنگ، سائن بورڈز اور سنگل لین پارکنگ کیساتھ پارکنگ چارجز ازسرنو مقرر کرنے کی ہدایت ،کمشنر کا ڈی گراؤنڈ فلاور مارکیٹ اور راجباہ روڈ کا بھی دورہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو منظم اور باسہولت پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکنگ کمپنی کے زیراہتمام شہر بھر میں 110 نوٹیفائیڈ پارکنگ پوائنٹس کو مزید منظم اور جاذب نظر بنایا جائے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سائٹس پر روڈ مارکنگ، سائن بورڈز اور سنگل لین پارکنگ کے ساتھ پارکنگ چارجز ازسرنو مقرر کیے جائیں اور نئے پارکنگ سائٹس کے قیام کے لیے جامع رپورٹ تیار کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارکنگ کمپنی کے نوٹیفائیڈ پوائنٹس کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔اجلاس میں کینال روڈ پر حادثات کی روک تھام کے لیے یوٹرنز اور برجز پر جرسی بیرئر لگانے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ کمشنر نے ڈی گراؤنڈ فلاور مارکیٹ اور راجباہ روڈ کا دورہ کیا، فلاور شاپس دکانداروں سے ملاقات کی اور میونسپل کارپوریشن کو روڈ پر باقی ماندہ دکانداروں کو ریڑھیاں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ دکانداروں کو سلیقے سے کاروبار کرنے کی تلقین کی گئی اور انتظامیہ کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔مزید برآں، کمشنر نے ملحقہ ڈرین کی صفائی کے لیے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہدایت دی اور راجباہ روڈ پر لنڈا بازار کی جگہ کا دورہ کر کے میونسپل کارپوریشن اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو پارکنگ سمیت دیگر اقدامات کے لیے ماسٹر پلاننگ کی ہدایات دی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں