شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ، ڈی سی مظفر گڑھ
خراب لائٹس کی فوری مرمت ،نئی لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی یوسف چھینہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیبات کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں جاری صفائی آپریشن اور روشنی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہر کو مستقل بنیادوں پر صاف، روشن اور خوبصورت رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کو تیز کرنے ، خراب لائٹس کی فوری مرمت اور نئی لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ رات کے اوقات میں شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ صفائی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا گیا۔شہریوں نے شہر کی بہتری، صفائی اور روشنی کے نظام کو بہتر بنانے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی کاوشوں کو سراہا۔