ملتان موٹر برانچ :پہلی ششماہی میں 74فیصد ٹیکس ریکوری
نیو رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر فیس میں ریکارڈ وصولیاں کی گئیں
ملتان (کرائم رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر برانچ ملتان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 74 فیصد ریکارڈ ٹیکس ریکوری مکمل کر لی ہے ۔ موٹر برانچ کو ایک ارب 65 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک ایک ارب 22 کروڑ روپے کی ٹیکس وصولیاں کی جا چکی ہیں۔ترجمان محکمہ کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان افتخار احمد بھلی کی قیادت میں موٹر برانچ نے نیو رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر فیس کی مد میں یہ ریکوریاں حاصل کی ہیں۔ افتخار احمد بھلی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ بروقت رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کریں تاکہ ریکوری مہم مزید کامیاب ہو۔ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ای پیمنٹس کے تعارف سے عوام میں اداروں پر اعتماد بڑھا ہے اور ٹیکس کی ادائیگی میں شفافیت آئی ہے ۔ انہوں نے موٹر برانچ کے عملے کو ہدایت دی کہ مالی سال 2025-26 کے ہدف کو 100 فیصد حاصل کرنے کے لئے ریکوری مہم کو مزید فروغ دیا جائے اور ٹیکس وصولیاں جاری رکھی جائیں۔