کہروڑپکا میں کمسن بچے پر کتے کا حملہ، حالت تشویش ناک

کہروڑپکا میں کمسن بچے پر کتے کا حملہ، حالت تشویش ناک

بچے کو فوری ویکسین، IVIG کا انتظام، آوارہ کتوں کی تلفی مہم تیز کرنیکی ہدایت

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا)موضع بکھری بستی بناں میں کمسن بچے پر آوارہ کتے کے حملے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس میں چھ سالہ محمد زہیب شدید زخمی ہو گیا۔ بچے کو چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر گہرے زخم آئے ، جس کے بعد اہلِ علاقہ کے جمع ہونے پر کتا موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہروڑپکا منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بچے کو بروقت طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اینٹی ریبیز ویکسین لگائی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا محمد اصغر اقبال لغاری نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تحصیلدار کو ہسپتال بھیجا، جنہوں نے بچے کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹرز کو علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر اسپیشل ویکسین IVIG کا بھی انتظام کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے ۔دریں اثنا علی پور کانجو میں بھی آٹھ سالہ محسن کو کتے نے کاٹ لیا، جسے طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں