دارلامان میں سہولیات بڑھانے کا حکم
رہائش پذیر خواتین کی سکیورٹی ،رہائشی سہولیات ،عدالتی پیروی کو ہر صورت یقینی بنانیکی ہدایت، تشدد کا شکار خواتین کو قانونی معاونت، نفسیاتی رہنمائی فراہم کی جائے شاہ شمس ،اقبال پارک ،پرویز الٰہی پارک،آرٹس کونسل پارک میں جھولوں کی فراہمی ‘ انتظارگاہوں کی تزئین یقینی بنائی جائے ، ڈی سی نعمان صدیق کا پارکس کا دورہ
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے دارالامان اور صنعت زار کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسروں نے جاری منصوبوں اور سہولیات کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو جامع بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے صنعت زار واقع ایم ڈی اے چوک کا دورہ کرتے ہوئے خواتین کے لئے جاری مختلف ہنرمندی کورسز کا معائنہ کیا اور تربیتی عمل سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کورسز کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے معیاری تربیت ناگزیر ہے ، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے دارالامان ملتان (متی تل) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وہاں مقیم خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل براہ راست سنے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دارالامان میں رہائش پذیر خواتین کی سکیورٹی، رہائشی سہولیات اور عدالتی پیروی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے وومن سینٹر برائے انسدادِ تشدد کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات، شکایات کے اندراج، قانونی معاونت اور نفسیاتی رہنمائی کے نظام کا معائنہ کیا۔ نعمان صدیق نے گزشتہ روز شہر کے مختلف پارکوں کا دورہ کیا اور پی ایچ اے کی جانب سے اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ پی ایچ اے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ شہر کے بڑے پارکوں میں تزئین و آرائش، سبزہ کاری، روشنی کے بہتر انتظام اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ شاہ شمس پارک، علامہ اقبال پارک، پرویز الٰہی پارک اور آرٹس کونسل پارک سمیت تمام بڑے پارکوں میں جھولوں، انتظارگاہوں اور عوام کے لیے دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔