میپکو، رینجرز اور پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن
ڈی جی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں مشترکہ ٹیم نے متعدد بجلی چور گرفتار کرلئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے رینجرز اور پولیس کے ساتھ مل کر ڈی جی خان، بہاولپور اور بہاولنگر کے علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ آپریشن کیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ڈی جی خان سرکل اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں ٹیم نے بستی واجے والا، بستی خیرے والا، بستی منگھوانی والا، پل سکھیرا، بستی پنجائنی والا، بستی کمال والا اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 بجلی چور اور نادہندگان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ 17 افراد کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا، اور چوری میں استعمال ہونے والے میٹرز و تار بھی ضبط کر لئے ۔آپریشن کے دوران بستی سکھیرا اور بستی منگھوانی میں 20 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 2 ٹرانسفارمرز اور 600 فٹ ایل ٹی کنڈکٹر بھی ہٹا دیئے گئے ۔ بہاولپور سرکل کی سرکل سرویلنس ٹیم نے ایس ڈی او بغدادالجدید سب ڈویژن کی سربراہی میں 2 نادہندگان کے کنکشن منقطع اور میٹرز ہٹا دیئے جبکہ دو صارفین ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔
ماڈل ٹاؤن سب ڈویژن کی ٹیم نے بستی آگرہ اور دیگر علاقوں میں 9 صارفین کو مختلف آلات کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔ اربن سب لودھراں میں بھی دو صارفین میٹر واش اور ٹرمینل بلاک کے ذریعے چوری کرتے ہوئے گرفتار ہوئے ۔