سرمائی پھولوں ،پودوں کی تیاری جاری ،کریم بخش
گرین بیلٹس ،پارکوں میں خوبصورت شجر کاری کی جائے گی ، گفتگو
ملتان (وقائع نگار خصوصی)منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کریم بخش نے نرسری اور شہر کی گرین بیلٹس کا دورہ کیا اور پھولوں و پودوں کی تیاری کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے کہا کہ موسم سرما کے لئے موسمی پھولوں کی تیاری جاری ہے اور شہر کی گرین بیلٹس اور پارکوں میں خوبصورت شجرکاری کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سردیوں کے موسم میں مختلف اقسام کے پھولوں سے شہر کو خوبصورت بنانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔کریم بخش کا کہنا تھا کہ آنے والے موسم بہار میں ہارٹیکلچر ایجنسی شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے مزید بھرپور اقدامات کرے گی۔ پارکوں اور گرین بیلٹس میں نئے پودے اور پھول لگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ شجرکاری کی بہتر دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے مشن کو عملی طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ اسی طرح کمشنر ملتان عامر کریم بھی پارکوں، گرین بیلٹس اور مجموعی طور پر شہر کی خوبصورتی کے لیے پُرعزم ہیں۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے عملے کو ہدایت کی کہ شجرکاری اور دیکھ بھال کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔