وہاڑی، بوریوالا ، میلسی میں ریڑھی بازار فعال، ترقیاتی کام تیز

وہاڑی، بوریوالا ، میلسی میں ریڑھی بازار فعال، ترقیاتی کام تیز

ڈپٹی کمشنر کا بازاروں کی تنظیم و سہولیات، پی ڈی پی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

وہاڑی (خبروں نگار، نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیرصدارت وہاڑی، بورے والا اور میلسی کے ریڑھی بازاروں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ریڑھی بازاروں کی تنظیم، سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بازاروں میں ریڑھیاں منظم انداز میں لگائی جائیں، قرعہ اندازی کے ذریعے جگہیں تفویض کی جائیں اور ریڑھیوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے ۔ پانی اور واش رومز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ بہترین لائٹنگ اور ایک ہی ڈیزائن کی ریڑھیاں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے ذریعے عوامی مسائل سننے اور فوری حل فراہم کرنے کا مشن جاری ہے ، جس سے عوام اور اداروں میں اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ پی ایم یو التمش اورنگ زیب نے وہاڑی، بورے والا اور میلسی کے پی ڈی پی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جدید میونسپل سروسز فراہم کرنے کے لیے مثالی اقدامات کر رہی ہیں۔پی ڈی پی کے تحت بورے والا اور گگو منڈی کے لیے 9 ارب روپے ، وہاڑی کے لیے 6 ارب روپے اور میلسی کے لیے ساڑھے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبوں میں سیوریج لائنز، ڈسپوزل اسٹیشنز، سٹروم واٹر ڈرینز، پارکس، سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر شامل ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں