شجاع آباد سپورٹس کمپلیکس کی نیلامی قبول نہیں،عبدالقادر گیلانی

شجاع آباد سپورٹس کمپلیکس کی نیلامی قبول نہیں،عبدالقادر گیلانی

ایم این اے کا کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور موقف، بہتر مواقع فراہم کرنے پر زور

شجاع آباد، سکندرآباد (سٹی رپورٹر، نامہ نگار)حلقہ این اے 152 کے ایم این اے سید عبد القادر گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجاع آباد کے نوجوانوں کے کھیلوں کی سرگرمیاں کسی صورت ختم نہیں ہونے دی جائیں گی اور شجاع آباد سپورٹس کمپلیکس کی نیلامی کسی بھی حال میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ایم این اے نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور انتظامیہ کو چاہیے کہ نوجوانوں کے لیے مزید کھیلوں کے کمپلیکس فراہم کیے جائیں تاکہ معاشرے میں جنم لینے والی برائیاں کم ہوں اور نوجوان کھیلوں میں ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپورٹس کمپلیکس کی جگہ کمرشل پلازے کی تعمیر ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔سید عبد القادر گیلانی نے مزید کہا کہ تحصیل بھر میں سپورٹس کمپلیکس کی نیلامی کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے اور وہ نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ یہ ملک کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ شجاع آباد میں سپورٹس کمپلیکس کی بحالی اور نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں