تین خواتین ، نابالغ لڑکی اغواء،نشئی شوہر کا بیوی پر تشدد

تین خواتین ، نابالغ لڑکی اغواء،نشئی شوہر کا بیوی پر تشدد

الگ الگ مقدمات ، ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکے ،شہریوں کا اظہار تشویش

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی میں حالیہ دنوں کے دوران تین شادی شدہ خواتین اور ایک نابالغ لڑکی کے اغواء اور تشدد کے واقعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے ۔ چک نمبر 232 ای بی میں سات بچوں کی ماں ساجدہ بی بی، زوجہ محمد ندیم، جس کا ذہنی توازن خراب بتایا گیا ہے ، کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔اسی دوران اقبال ٹاؤن 11 ڈبلیو بی میں سیشن کورٹ کے ملازم طارق محمود کی بیوی رمشاء عروج کو دو بچوں سمیت نامعلوم افراد اغواء کر کے لے گئے جبکہ تیسرے واقعہ میں چک نمبر 20 ڈبلیو بی میں سسرال سے ناراض ہو کر بیٹھی بشریٰ پروین کو بھی مبینہ طور پر اغواء کیا گیا۔ مزید برآں، چک نمبر 35 ڈبلیو بی میں محنت کش فیاض گل کی نابالغہ بیٹی شمشاد بی بی کو شادی شدہ مرتضی عرف عدیل نے بہلا پھسلا کر موٹر سائیکل پر بٹھا کر اغواء کر لیا۔کوٹ ریاض لڈن میں نادیہ بی بی کو اس کا شوہر عرفان صفدر نشئی ہونے کی وجہ سے معمولی بات پر تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ گزشتہ روز بھی وہ تشدد کر رہا تھا، جس پر نادیہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ دونوں تھانوں، صدر اور لڈن میں الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کی گئی ہے ، تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اغواء اور تشدد کے واقعات کے ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں