کارڈیالوجی :5آپریشنز تھیٹرز فعال ،2قائم کرنے کی تیاری

کارڈیالوجی :5آپریشنز تھیٹرز فعال ،2قائم کرنے کی تیاری

ماڈل فارمیسی ،جدید پارکنگ سہولت قائم کی جائے گی ، کمشنر عامر کریم کا دورہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی ،لیڈی رپورٹر) ملتان میں چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 پیش کر دی گئی۔ رپورٹ پیش کرنے کی تقریب میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے شرکت کی اور ادارے کی مجموعی طبی، انتظامی اور ترقیاتی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد مجتبیٰ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران ادارے میں 5 آپریشن تھیٹرز کو فعال کیا گیا جبکہ مزید 2 جدید آپریشن تھیٹرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آئی سی یو اور کیتھ لیب کو مکمل طور پر اپ گریڈ کیا گیا اور دو جدید اینجیوگرافی مشینیں نصب کی گئیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے میں نیا ایمرجنسی بلاک، ریڈیالوجی اور پیتھالوجی لیبز کو فعال کیا گیا جبکہ او پی ڈی کمپلیکس، پارکنگ اور دیگر طبی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے ۔ 208 بیڈز کو اپ گریڈ کیا گیا، ڈیجیٹل لائبریری، آڈیٹوریم، ماڈل فارمیسی اور جدید پارکنگ سہولت بھی قائم کی گئی ہے ۔ او پی ڈی فارمیسی میں 600 نشستوں پر مشتمل ویٹنگ ایریا بنایا گیا ہے ۔مزید بتایا گیا کہ مریضوں کے لواحقین کے لئے 200 بستروں پر مشتمل سرائے کو فعال کر دیا گیا ہے جہاں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ سال 2025 کے دوران ادارے میں 533 پیس میکرز نصب کئے گئے ، 25 ہزار اینجیو پلاسٹی اور 36 ہزار ایکو کارڈیوگرافی کی گئیں۔ روزانہ 200 سے زائد ایکو کیسز دیکھے جا رہے ہیں جبکہ ایک سال میں 21 ہزار سے زائد او پی ڈی مریضوں کا علاج کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں