ملتان میں اپواء کی زیرِ اہتمام دو روزہ وائٹ ایلیفنٹ نمائش
طالبات کی تخلیقی مصنوعات کی نمائش اور خواتین کی حوصلہ افزائی
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام عیدالفطر کی خوشیوں کے پیش نظر چیئرپرسن فرخ مختار اور وائس چیئرپرسن فرح فیصل کی سرپرستی میں دو روزہ وائٹ ایلیفنٹ نمائش اپواء مرکز، نواں شہر ابدالی روڈ پر منعقد ہوئی۔ نمائش میں اپواء ممبران، طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں سینئر ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر شہلا آفتاب نے جوائنٹ جنرل سیکرٹری تہمینہ منیر، ایگزیکٹو ممبر طاہرہ نجم، پرنسپل عابدہ اشفاق، ڈاکٹر مریم نوین افضل اور دیگر کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا اور سٹالز کا معائنہ کیا۔نمائش میں گارمنٹس، جوتے ، مہندی، جیولری اور دیگر گھریلو و دستکاری مصنوعات کے سٹالز لگائے گئے ، جبکہ طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کے لئے خصوصی سٹال بھی تھا۔ مہمانوں اور اپواء ممبران نے سٹالز میں دلچسپی لیتے ہوئے خریداری کی اور طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔تقریب میں اپواء کی جانب سے بیوہ خواتین اور سٹاف میں عید تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔ ڈاکٹر شہلا آفتاب نے کہا کہ اپواء خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور ان کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے ایسے مواقع فراہم کرتا ہے ۔ تہمینہ منیر نے کہا کہ یہ سرگرمیاں طالبات کو کاروباری تجربہ اور خوداعتمادی فراہم کرتی ہیں۔