دس من مضر صحت گوشت تلف ، ایک گرفتار ،دوسرا فرار
ملوث افراد کے خلاف پولیس تھانہ مترو میں مقدمہ درج ، مزید کارروائی کا آغاز
دوکوٹہ (نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پولیس چوکی دوکوٹہ نے محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ موضع پہلوان آرائیں میں چھاپہ مار کر 10 من مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔ ایک شخص گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ ملوث افراد کے خلاف پولیس تھانہ مترو میں مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع وہاڑی کی ڈپٹی ڈائریکٹر مایا سعید کو اطلاع ملی کہ دوکوٹہ کے نواحی موضع پہلوان آرائیں میں بڑے پیمانے پر مضر صحت گوشت فروخت کیا جا رہا ہے ۔ یہاں کے ملوث افراد پنجاب کے بڑے شہروں میں ہوٹلز کو یہ گوشت سپلائی کر رہے تھے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے پولیس چوکی دوکوٹہ کے انچارج راؤ واجد علی اور محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر ندیم اختر کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فریزر میں رکھا ہوا 10 من مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔ کارروائی میں محمد شہزاد کو گرفتار کیا گیا جبکہ محمد بلال فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔فوڈ اتھارٹی کی طرف سے تھانہ مترو میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔