مریضوں کانرسنگ سٹاف کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کیخلاف احتجاج
حکام موبائل استعمال، سہولتوں کی کمی اور ناروا سلوک پر فوری نوٹس لیں، مطالبہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا)تحصیل ہسپتال جہانیاں میں نرسنگ سٹاف کی مبینہ غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف مریضوں اور ان کے لواحقین نے احتجاج کیا ہے ۔ متاثرہ افراد کے مطابق لیبر روم اور مختلف وارڈز میں ڈیوٹی پر موجود سٹاف مریضوں کی دیکھ بھال کے بجائے موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتا ہے ، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔حاملہ خواتین نے شکایت کی کہ نرسز کا رویہ مناسب نہیں اور بروقت طبی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انجکشن اور ڈرپس لگانے جیسے بنیادی امور میں بھی تاخیر کی جاتی ہے جبکہ بعض اوقات مریضوں کو ٹال مٹول کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مریضوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ الٹرا ساؤنڈ روم میں تعینات ایک اہلکار کا خواتین کے ساتھ رویہ مناسب نہیں، جس پر شہریوں نے تشویش ظاہر کی ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال میں اکثر یہ کہہ کر مریضوں کو واپس کر دیا جاتا ہے کہ انجکشن دستیاب نہیں، جس کے باعث غریب افراد مہنگے پرائیویٹ کلینکس جانے پر مجبور ہیں۔متاثرہ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خانیوال، کمشنر ملتان اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں نظم و ضبط بہتر بنایا جائے اور عملے کی کارکردگی کو یقینی بنایا جائے ۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔