وہاڑی سکول میں فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف

وہاڑی سکول میں فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف

این ایس بی فنڈ سے غیر متعلقہ خریداری اور اخراجات پر انکوائری کا مطالبہ

وہاڑی (خبرنگار) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 47 ڈبلیو بی میں نان سیلری بجٹ فنڈ کے مبینہ غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ گلفام حیدر ایڈووکیٹ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کو درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سکول کی ہیڈمسٹریس عقیلہ شازیہ نے مبینہ طور پر قواعد کے برعکس اپنے سابقہ ادارے سے کلرک طارق شاہ کو اثر و رسوخ کے ذریعے تعینات کرایا۔درخواست کے مطابق دونوں کے درمیان غیر معمولی تعلقات کے باعث مالی معاملات کی شفافیت مشکوک ہو گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این ایس بی فنڈ سے ذاتی نوعیت کی اشیاء، جن میں صوفہ کم بیڈ اور کچن کراکری شامل ہیں، خریدی گئیں جبکہ سٹاف کے کھانے پینے کے اخراجات بھی اسی فنڈ سے کیے گئے ۔مزید بتایا گیا کہ ان اخراجات کو قانونی ظاہر کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی رسیدوں کا سہارا لیا گیا اور سکول کونسل سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔درخواست گزار اور مختلف تعلیمی و عوامی حلقوں نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، این ایس بی فنڈ کا فرانزک آڈٹ کرانے اور خودمختار انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی بھی اپیل کی ہے ، جبکہ تاحال محکمہ تعلیم کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں