ڈی سی کوٹ ادو کا ملتان روڈپر نکاسی آب منصوبے کا جائزہ
جدید طریقے سے بارشی پانی کے بہتر انتظام اور فوری نکاسی کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد یوسف کے ہمراہ جی ٹی ملتان روڈ کا دورہ کیا، جہاں بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دورے کے موقع پر انجینئر محمد زاہد حفیظ، انجینئر حسنین مدنی اور اسسٹنٹ پروگرام ڈائریکٹر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کو جدید طریقہ کار کے تحت انڈر گراؤنڈ ذخیرہ کیا جائے اور پمپنگ سسٹم کے ذریعے فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم کا کہنا تھا کہ مؤثر نکاسی آب نظام سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے منصوبے کے کام کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔