دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے 1شخص جاں بحق
مقتول کے ورثاء اور اہل علاقہ کاچیچہ وطنی روڈ بلاک کر کے احتجاج
وہاڑی، بوریوالا (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا) تھانہ صدر کی حدود میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے وارث ڈوگر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 435 ای بی ڈوگراں والی میں پیش آیا، جہاں مخالفین نے موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے وارث ڈوگر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول عید سے قبل اقدام قتل کے مقدمے میں ضمانت پر ہواتھا اور ملزموں کی تلاش جاری ہے ۔ مقتول کے ورثاء نے مقامی لوگوں کے ساتھ چیچہ وطنی روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا، جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کی گرفتاری تک نعش سڑک پر رہے گی اور احتجاج جاری رہے گا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر مہر محمد عباس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ ملزمان جلد گرفتار کیے جائیں گے ، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔