ارتھ آور پرمظفرگڑھ میں ریسکیو 1122سٹیشنز کی لائٹس بند
مقصد توانائی کا مؤثر استعمال اور ماحول کی بہتری کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنا تھا
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ریسکیو 1122 مظفرگڑھ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ارتھ آور 2026 کے موقع پر ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز میں لائٹس رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک بند کر دیں۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحول کی بہتری کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنا تھا تاکہ شہری بھی توانائی کے بچاؤ اور ماحولیاتی تحفظ میں کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے یہ علامتی اقدام حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ایک اجتماعی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف توانائی کی بچت ممکن ہے بلکہ لوگوں میں ماحولیاتی شعور کو فروغ بھی ملتا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ ارتھ آور کے دوران اسٹیشنز کی لائٹس بند کرنا ایک چھوٹا مگر مؤثر قدم ہے جو پائیدار ماحول کی تشکیل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی گھروں اور دفاتر میں غیر ضروری لائٹس بند کر کے توانائی کی بچت کریں اور ماحول کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی اس کوشش کو مقامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور اسے عوام میں توانائی بچانے اور ماحول دوست سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔