ڈی پی او مظفرگڑھ کا اردل روم،7افسرو ملازمین کو سزائیں
تسلی بخش جواب دینے پر 25 ملازمین کے شوکاز کیسز نمٹا دئیے ،2اہلکار برطرف میرٹ اور انصاف کی بالادستی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی، سید غضنفر علی شاہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ سید غضنفر علی شاہ نے محکمانہ احتساب کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے پولیس لائن میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں افسران اور جوانوں کے شوکاز نوٹس کی سماعت کی گئی۔ شواہد اور وضاحتوں کی روشنی میں 7 افسروں و ملازموں کو مختلف سزائیں سنائی گئیں جبکہ تسلی بخش جواب دینے پر 25 ملازمین کے شوکاز کیسز نمٹا دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایک سب انسپکٹر کی ایک سال سروس ضبط کی گئی جبکہ ایک سب انسپکٹر کی 6 ماہ سروس ضبط کرنے کے علاوہ ایک سب انسپکٹر کو سنشور کی سزا دی گئی۔ اسی طرح ایک ملازم کی سالانہ ترقی روک دی گئی، ایک کانسٹیبل کو سنشور جبکہ 2 کانسٹیبلان کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس میں ڈسپلن پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، لاپرواہی اور قواعد کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ اور انصاف کی بالادستی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی تاکہ محکمہ پولیس کی ساکھ برقرار رہے اور عوام کا اعتماد مضبوط ہو۔