گرلز ہائی سکول میں کلرک کی مبینہ غیرقانونی تعیناتی کا انکشاف
وہاڑی (خبرنگار) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 47 ڈبلیو بی میں کلرک کی مبینہ غیرقانونی تعیناتی کا انکشاف۔ امام اسماعیل نامی شہری نے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے۔۔۔
کہ ہیڈ مسٹریس عقیلہ شازیہ کی تعیناتی کے بعد طارق شاہ نامی کلرک کو قواعد و ضوابط کے برعکس سکول میں اٹیچ کیا گیا جو بوریوالہ کا رہائشی ہے ۔درخواست گزار کے مطابق مذکورہ کلرک پہلے بھی ہیڈ مسٹریس کے ساتھ ایک ہی ادارے میں تعینات رہا اور ان کا غیر معمولی گٹھ جوڑ تعیناتی کو مشکوک بناتا ہے ۔ عارضی تعیناتی کے باوجود کلرک سکول کے انتظامی امور میں غیر معمولی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اس کی بوریوالا سے دور تعیناتی کی کوئی واضح ضرورت نہیں۔امام اسماعیل نے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے۔ ، کلرک کی تعیناتی کا جائزہ لیا جائے اور مبینہ گٹھ جوڑ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ سرکاری اداروں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔