اسکول یکم اپریل کو معمول کے مطابق کھلیں گے ،وزیر تعلیم

اسکول یکم اپریل کو معمول کے مطابق کھلیں گے ،وزیر تعلیم

تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک اضافے کے نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید عوام اور والدین صرف سرکاری ذرائع سے آنے والی خبروں پر یقین کریں،سردارشاہ

کراچی(آئی این پی )وزیر تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک اضافے کے نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کر دی، جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک جعلی دستاویز میں یہ دعوی کیا جا رہا تھا کہ  اسمارٹ لاک ڈاؤن اور  ایندھن کی قلت کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ سید سردار شاہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ دستاویز مکمل طور پر من گھڑت اور گمراہ کن ہے ۔ انہوں نے عوام اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے آنے والی خبروں پر یقین کریں۔ وزیر تعلیم کے مطابق اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے اور تعطیلات میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں