فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف کل سے مہم کا آغاز
جرمانے عائد ، گاڑیاں ضبط کرکے مقدمات بھی درج کیے جاسکتے ہیں اب اس کے خلاف سخت ایکشن لینا ناگزیر ہوچکا ہے ،ڈی آئی جی ٹریفک
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں گاڑیوں کی فینسی، پرائیویٹ یا حکومت سے غیرمنظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا باقاعدہ آغاز پیر (کل)سے کیا جارہا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق صرف سندھ حکومت کی جاری کردہ، بالخصوص نئی اجرک والی نمبر پلیٹس ہی قانونی طور پر قابلِ قبول ہیں ایسی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت تقریباً 70 فیصد گاڑیوں کو چالان نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ یہ تھی کہ ان پر نمبر پلیٹس ہی موجود نہیں تھیں۔ اب اس کے خلاف سخت ایکشن لینا ناگزیر ہوچکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پیر(کل)سے کریک ڈاؤن کے دوران نہ صرف ٹریفک پولیس بلکہ ضلعی پولیس، ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور دیگر ادارے بھی مشترکہ کارروائی کریں گے۔
خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے جبکہ گاڑیاں ضبط کرکے مقدمات بھی درج کیے جاسکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں پر سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس لازمی لگوائیں۔اگر کسی کے پاس اصل نمبر پلیٹ دستیاب نہیں تو وہ عارضی طور پر اسی ڈیزائن، رنگ اور سائز کی پلیٹ استعمال کرسکتا ہے ، بشرطیکہ اس نے ایکسائز میں درخواست جمع کروا رکھی ہو۔ایکسائز حکام نے پلیٹس کے اجرا کیلئے مختلف مقامات پر بوتھ قائم کر دیے ۔