کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ:چیک اپ پالیسی میں بڑی تبدیلی
ہر تین ماہ بعد مریض کاہسپتال آنا لازمی قرار،ادویات فراہمی کا فارمولہ طے
ملتان (لیڈی رپورٹر)چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے مریضوں کے چیک اپ سے متعلق پالیسی میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں، جس کے تحت اب مریضوں کو ہر چھ ماہ کے بجائے تین ماہ بعد ہسپتال آ کر چیک اپ کروانا ہوگا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ادویات کی فراہمی کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ پہلے مریضوں کو چھ ماہ تک ادویات گھر پر فراہم کی جاتی تھیں، تاہم اب ہر تین ماہ بعد ہسپتال آنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا سکے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2025 کے ریکارڈ کے مطابق غیر فعال مریضوں کی فائلوں کو بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ نئے مریضوں کے لئے گنجائش پیدا کی جا سکے ۔ اس حوالے سے 2025میں علاج کروانے والے مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا چیک اپ کروائیں اور اپنی رجسٹریشن اپ ڈیٹ کریں۔مزید برآں ٹیلی میڈیسن منصوبے کے تحت بھی مریضوں کے لئے ہر تین ماہ بعد ہسپتال کا دورہ اور چیک اپ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ہسپتال میں نئے اور پرانے مریضوں کے ڈیٹا کی ازسرنو جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے ۔شہریوں اور مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بروقت چیک اپ یقینی بنائیں تاکہ علاج میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔