قومی معیشت مزید تباہی کی جانب جارہی، خواجہ سلیمان
عالمی منڈی میں پٹرول 108ڈالر فی بیرل، قیمتیں بڑھانے کا جواز نہیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ضلع ملتان کے صدر سید جعفر علی شاہ، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی اور دیگر عہدیداروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں تاریخی اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے اور اس سے مہنگائی کا طوفان بلکہ سونامی پیدا ہوگا، جبکہ ملکی معیشت مزید تباہی کی جانب جا رہی ہے ۔خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل ہونے کے باوجود پاکستان میں قیمتیں 520 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ ہمسایہ ممالک میں 110 روپے سے زیادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیوں کو بند کرنے کے بجائے عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے ۔اور آئی ایم ایف کو بہانہ بنایا جا رہا ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ اس اضافے سے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔، مارکیٹیں سنسان ہیں اور شہری معمولی اشیاء بھی خریدنے سے قاصر ہیں۔ رکشہ اور ٹرانسپورٹ یونین کے کرایوں میں 60 فیصد اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور ٹرینوں کے کرائے پہلے ہی بڑھ چکے ہیں۔مرکزی تنظیم تاجران نے خبردار کیا کہ اگر اضافہ فوری واپس نہ لیا گیا تو تاجروں اور عوام بھرپور احتجاج اور شٹر ڈاؤن کے لئے تیار ہیں۔ ملک کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ حکمت عملی کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔