سر گنگا رام ہسپتال، ملازمین کی غیر قانونی مداخلت کا انکشاف

سر گنگا رام ہسپتال، ملازمین کی غیر قانونی مداخلت کا انکشاف

انکوائری رپورٹ میں متعدد اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش

لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )سر گنگا رام ہسپتال کے بلڈ یونٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدانتظامی سے متعلق تھرڈ پارٹی انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی ہے ، جس میں سکیورٹی عملے اور ہسپتال کے بعض ملازمین کی سنگین غفلت اور غیر قانونی مداخلت کا انکشاف ہوا ہے ۔ سکیورٹی گارڈز ایک عرصے سے بلڈ یونٹ کے معاملات میں غیر قانونی طور پر ملوث رہے اور ڈونرز سے خون لینے جیسے حساس عمل میں بھی حصہ لیتے رہے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی سکیورٹی گارڈ کو بلڈ یونٹ کا سامان استعمال کرتے دیکھا گیا، جس پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔جبکہ شفٹ انچارج عبدالرؤف کو بھی سکیورٹی گارڈ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے ۔نائٹ شفٹ کے اہم ٹیکنیشنز بغیر اطلاع غیر حاضر رہے ، جبکہ لیب اٹینڈنٹس کی تاخیر سے آمد کو بھی ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔ مجموعی طور پر عملے کی غفلت اور ناقص نگرانی کو اس سنگین صورتحال کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے ۔ انکوائری رپورٹ میں عبدالرؤف، ذیشان اکبر، ابوبکر جونیئر سمیت متعدد اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ، جبکہ ملوث سکیورٹی گارڈز کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں