کتے کے کاٹنے سے تحفظ اور ریبیز کے خاتمے کے لیے اہم اجلاس منعقد
کراچی(سٹی ڈیسک)پاکستان میں کتے کے کاٹنے سے تحفظ اور ریبیز کے خاتمے کے لیے ایک اہم اور نتیجہ خیز اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، ایف پی سی سی آئی کی سی ایس آر کمیٹی کے سربراہ و لائف ممبر صدیق شیخ، انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان، شعبہ امراضِ متعدیہ کی سربراہ نسیم صلاح الدین، پروگرام ڈائریکٹر ریبیز کنٹرول پروگرام سندھ سمیرہ حسین اور ایف پی سی سی آئی کی سی ایس آر ایکٹوسٹ شمسہ جبین نے شرکت کی۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ملک میں کتے کے کاٹنے اور ریبیز جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ اہم اسٹیک ہولڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کتے کی آبادی پر مؤثر کنٹرول، عوامی آگاہی میں اضافہ، اور ویکسی نیشن و علاج کی سہولیات تک آسان رسائی کے لیے مل کر اقدامات کریں گے ۔