پٹرولیم مصنوعات، ایل ڈی اے اخراجات میں کروڑوں کااضافہ
لاہور کے بڑے ادارے عالمی صورتحال سے براہ راست متاثر ،بجٹ پراضافی دباؤ
لاہور (شیخ زین العابدین) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے ، خصوصاً آبنائے ہرمز کے راستے سپلائی میں رکاوٹوں نے پاکستان سمیت کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ اسی دباؤ کے نتیجے میں ملک میں پٹرول کی قیمت میں 137 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 185 روپے فی لیٹر تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کے اثرات اب سرکاری اداروں کے آپریشنل اخراجات پر واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں، جہاں بجٹ پر اضافی دباؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ لاہور کے بڑے ادارے اس صورتحال سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں اور ماہانہ اخراجات میں کروڑوں روپے کا اضافہ سامنے آ رہا ہے ۔ایل ڈی اے کے افسران کی سرکاری گاڑیاں ماہانہ تقریباً 45 ہزار لیٹر پٹرول استعمال کرتی ہیں، جس پر قیمتوں میں اضافے کے بعد ماہانہ 61 لاکھ 65 ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔ اسی طرح ایل ڈی اے کی آپریشنل مشینری، جو تقریباً 75 ہزار لیٹر ڈیزل استعمال کرتی ہے ، اس پر ماہانہ ایک کروڑ 38 لاکھ 25 ہزار روپے کے اضافی اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔