160روپے لٹر لیوی تاجروں کیساتھ مذاق،طلعت سہیل
بھاری ٹیکس وصولیوں کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا جارہا، بیان
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان بزنس فورم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ چیئرمین پنجاب ملک طلعت سہیل نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کو 160.61 روپے فی لٹر مقرر کرنا عوام اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی شعبہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور بیجائی کے عمل میں مشکلات بڑھ گئی ہیں، جس سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ریلیف دعوؤں کے باوجود اچانک قیمتوں میں اضافہ متضاد اقدام ہے ۔پاکستان بزنس فورم نے کہا کہ مختصر عرصے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ مالیاتی نظم و ضبط کے برعکس ہے ۔ فورم نے سوال اٹھایا کہ بھاری ٹیکس وصولیوں کے باوجود عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیا جا رہا۔فورم نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے جبکہ ڈیزل پر درآمدی ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز میں بھی عارضی کمی کی جائے ۔ مزید برآں جی ایس ٹی میں کمی اور بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ فیصلوں سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، اس لیے حکومت فوری اقدامات کر کے عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرے ۔