مہنگے ڈیزل سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، گڈز ٹرانسپورٹرز
کرایوں میں 60فیصد تک اضافہ ، عام صارف متاثر ہوگا، ملک اقبال
ملتان (لیڈی رپورٹر)گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملتان اتحاد گروپ کے عہدیداروں نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے کو عوام پر ایٹم بم گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ملک بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ صدر ملک اقبال، سرپرست اعلیٰ فرخ شاہ، چیئرمین رانا جاوید، جنرل سیکرٹری آفتاب احمد شیخ اور سینئر نائب صدر خالد خان مروت نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ غیر متوقع اور ظالمانہ اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا بوجھ صرف ٹرانسپورٹرز نہیں بلکہ پوری معیشت اور عوام کو اٹھانا پڑے گا۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ بڑھتے اخراجات برداشت کرنا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں 50 سے 60 فیصد اضافے سے اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھیں گی اور عام صارف متاثر ہوگا۔
عہدیداروں نے کہا کہ حکومت زمینی حقائق سے دور ہے اور ایسے فیصلوں سے عوام مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی اخراجات، مراعات اور پروٹوکول میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ یونینز مشاورت میں مصروف ہیں اور جلد مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر ہڑتال اور ٹرانسپورٹ بند ہونے کا خدشہ ہے ، جس سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔