کمشنر کا ایف ڈبلیو او حکام کے ہمراہ کچہری چوک منصوبہ کا دورہ
تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ ،حکام کی بریفنگ،مقررہ وقت پر تکمیل یقینی بنانیکی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے ایف ڈبلیو او حکام کے ہمراہ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران، انجینئرز اور کنٹریکٹرز نے منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور ڈبل شفٹس میں کام ہو رہا ہے۔ منصوبے کی اوور آل پراگریس 76فیصد ہے۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA)کو ہدایت کی کہ تمام کام بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ مزید برآں، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ جناح پارک اور کچہری کے درمیان ایلیویٹڈ کراسنگ کے منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔