سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

 سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

گراں فروشی برداشت نہیں :ڈپٹی کمشنر ،ذخیرہ اندوزی نہ کی جائے :ڈی پی او

 وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت تاجر راہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اشیاء خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکاندار سبزیاں، پھل اور دیگر اشیاء خوردونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کریں اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں ہمیں بطور قوم متحد ہونا ہے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنا کر عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنا ہے ۔اس موقع پر ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے اور اس مشکل گھڑی میں ہمیں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مشکل وقت میں اکٹھے ہیں۔تاجر راہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ اور عوام کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، ای اے ڈی اے مدیحہ غفار، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر منظور احمد، صدر انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی، صدر کریانہ ایسوسی ایشن اسلم مدنی، ساجد مسعود اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں