خانیوال،ٹھیکیداروں کی غفلت، سیوریج منصوبہ تعطل کا شکار
مدرسہ جامعۃ العباس کے اطراف میں 5ماہ بعد بھی سیوریج بچھانے کا کام مکمل نہ ہوا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )ٹھیکیدار کی غفلت اور ہٹ دھرمی، سیوریج منصوبہ تعطل کا شکار، ستھرا پنجاب کی دھجیاں، بدبو اور گندے پانی سے علاقہ مکین اور بچے موذی بیماریوں میں مبتلا تفصیل کے مطابق پرانا خانیوال کے علاقہ مدرسہ جامعۃ العباس میں سیوریج لائن کی تعمیر کا منصوبہ ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت اور ہٹ دھرمی کے باعث عرصہ دراز سے التوا کا شکار ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق گزشتہ 5 ماہ سے سیوریج پائپ لائن بچھانے کا کام جاری تو ہے ، مگر سست روی اور ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث تاحال مکمل نہ ہو سکا۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کی جانب سے غیر معیاری پائپ استعمال کئے گئے ، جس کے باعث سیوریج لائن چالو ہونے سے پہلے ہی بیٹھ گئی۔ گندا پانی جمع ہو کر مدرسہ اور اطراف کے علاقوں میں پھیل رہا ہے ، جس سے شدید بدبو اور ماحولیاتی آلودگی پیدا ہو رہی ہے ۔صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ مدرسہ کے طلبہ اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج کا پانی نکالنے پر مجبور ہیں، جو کہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ اگر مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔