پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ، جماعت اسلامی کا احتجاج

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ، جماعت اسلامی کا احتجاج

قیمتوں میں بے جا اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے :طارق محمود کی گفتگو

 وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر وہاڑی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فیصلے کو عوام دشمن قرار دیا۔ضلعی امیر جماعت اسلامی وہاڑی چوہدری طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے جا اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے اور عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالے ۔اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سید جاوید حسین شاہ، حاجی طفیل وڑائچ، چوہدری طارق رفیق، یعقوب سندھو، مقصود خان، علی احمد صابر، ساجد چوہدری، محمد اویس، زنیر ہنجرا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔رہنما جماعت اسلامی رضا قادری نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اس سے زیادہ رہی ہیں لیکن اس قدر اضافہ کبھی نہیں کیا گیا، موجودہ اضافہ سراسر ناجائز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کا گلا گھونٹ دیا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں