پٹرولیم قیمتیں،ضلعی انتظامیہ متحرک،کسان، تاجران بورڈ
خالد محمود کھوکھر کا حکومتی اقدامات پر اظہار اعتماد ، احتجاج نہ کرنیکی یقین دہانی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک، تاجر برادری، کسان اتحاد اور ٹرانسپورٹرز کو آن بورڈ لے لیا گیا-تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک ہو گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور ڈی پی او محمد عابد کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے تاکہ اثرات میں کمی کرکے عوامی ریلیف کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور ڈی پی او محمد عابد سے مرکزی صدر کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کی صورتحال، اور عوامی مفاد کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی صدر کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو یقین دہانی کرائی کہ کسان اتحاد کسی بھی احتجاج کی کال میں شامل نہیں ہوگا۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے گڈز و پبلک ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ کو نوٹیفائیڈ کرایوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ عوامی ریلیف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ ٹرانسپورٹرز نوٹیفائیڈ کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔