تمام مین ہولز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے :ڈپٹی کمشنر
خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا : خالد جاوید
وہاڑی(خبرنگار) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت اجلاس اور مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران شہری مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔مین ہولز کو ڈھکن سے کور کرنے ، سیوریج نظام کی بہتری اور خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہری و دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور کھلے مین ہولز کو فوری طور پر کور کیا جائے ۔عوامی شکایات پر کلب روڈ، لڈن روڈ، خانیوال چوک اور دیگر علاقوں میں خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔دریں اثناء انہوں نے 32 کوارٹرز روڈ کا دورہ کر کے جاری سیوریج لائن منصوبے کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار تیز کرنے ، معیار برقرار رکھنے اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا اور شہریوں کو درپیش مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔