گرانفروشی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں:عثمان طاہر
گرین بس سروس کے ذریعے شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کی گئی شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ،ڈی پی او غضنفر علی شاہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ کے ہمراہ کفایت شعاری کے اقدامات اور عالمی بحران میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں کسان اتحاد، پرائس کنٹرول اور پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گرین بس سروس کے ذریعے شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کی گئی ہے ۔کسانوں کے لیے گندم کی خریداری 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی لاگت کم ہو۔ڈی پی او نے سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔