موسم میں تبدیلی،ڈینگی کے خطرات میں اضافہ،سرویلنس تیز کرنیکا حکم
لاروا تلف کرنے کیلئے گھر گھر جائزے کی ہدایت،شہری ماحول صاف ستھرا رکھیں، کسی جگہ بارشی پانی جمع نہ ہونے دیں، لاروا ملنے پر مقامات سربمہر کئے جائینگے ،راشد اقبال
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)بدلتے موسم کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے خلاف ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ، بارشوں کے باعث گھر گھر ڈینگی لاروا تلفی کی مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے ، اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت کو گھر گھر سرویلنس تیز کرنے کا ٹاسک دیا گیا اور ہاٹ سپاٹس کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں شہریوں میں صفائی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کیلئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی اپنانے اور فیلڈ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد صاف ماحول برقرار رکھیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں، انہوں نے واضح کیا کہ ابتر صفائی اور ڈینگی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھرپور ایکشن لیا جائے گا جبکہ ڈینگی لاروا ملنے پر کمرشل مقامات کو سربمہر بھی کیا جائے گا۔