ڈی جی خان:ون ویلنگ کیخلاف سخت ایکشن کا حکم

ڈی جی خان:ون ویلنگ کیخلاف سخت ایکشن کا حکم

بڑھتے حادثات کے پیش نظر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، بلانمبر گاڑیوں، کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی فوری ، موثر کارروائی کی کے احکامات بغیر لائسنس گاڑی، موٹرسائیکل چلانے بلاتفریق ایکشن ہوگا، پریشر ہارن، کالے شیشے ، غیر قانونی فلیش لائٹس، آلودگی پھیلانے پر قانون حرکت میں آئیگا،آرپی اواظہر اکرم

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )آر پی او محمد اظہر اکرام کا ٹریفک کارکردگی اجلاس، خلاف ورزیوں پر بلا امتیاز کارروائی کا حکم،بلانمبری گاڑیاں، کم عمر ڈرائیورز اور ون ویلنگ کے خلاف سخت ایکشن، کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان،تفصیل کے مطابق آر پی او محمد اظہر اکرم کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفس میں ٹریفک پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجن بھر کے ڈسٹرکٹ ٹریفک افسروں نے شرکت کی اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آر پی او محمد اظہر اکرم نے ضلع مظفرگڑھ میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی ٹی او مظفرگڑھ کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے ، حادثات کی وجوہات کے خاتمے ، تجاوزات کے خلاف کارروائی اور غیر قانونی پارکنگ کے سدباب کی ہدایت دی۔ آر پی او نے ون ویلنگ، کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس افراد اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔اجلاس میں بلانمبری گاڑیوں، پریشر ہارن، کالے شیشوں، غیر قانونی فلیش لائٹس اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔ آر پی او نے باڈی کیمز کے استعمال اور سپیڈ کیمروں کے ذریعے تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو سہل بنانے ، شہریوں کو ڈرائیونگ ٹیسٹ میں بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی آر پی او محمد اظہر اکرم نے واضح کیا کہ ٹریفک پولیس میں بدسلوکی، رشوت ستانی اور کرپشن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں