وہاڑی میں گندم پیداواری مقابلہ، کٹائی شیڈول قرعہ اندازی
کامیاب کاشتکاروں کیلئے لاکھوں روپے انعامات مقرر،مقابلہ شفاف ہوگا
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ‘‘سونا اگلتا پنجاب’’ کے تحت ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر نگرانی گندم کے پیداواری مقابلے کیلئے کٹائی شیڈول کی قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسروں اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ قرعہ اندازی کے مطابق منتخب ہونے والے گندم کے کھیتوں کی کٹائی کی جائے گی اور مقابلہ شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پر گندم پیداواری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کو 10 لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن پر 8لاکھ اور تیسری پوزیشن پر 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔