پٹرولیم وبجلی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لینے پر احتجاج کا اعلان
پرانے ریٹ فوری بحال اور بجلی میٹر رینٹ ختم کیا جائے ، انجمن تاجران کوٹ ادو
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)صدر ضلعی و مرکزی انجمن تاجران کوٹ ادو محمد عثمان شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے میٹر رینٹ ٹیرف میں حالیہ اضافے کو عوام اور تاجروں پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔انہوں نے تاجر صدور و عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کے پرانے ریٹس بحال کرے اور بجلی میٹر رینٹ ختم کرے ۔ محمد عثمان شیخ نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی دلدل میں ہیں، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں اور مزدور، پیشہ ور اور زرعی طبقے شدید پریشان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام میں اشتعال اور ہیجان کی کیفیت ہے ، حکمرانوں کو اس حساس صورتحال کا احساس کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے ۔ اس موقع پر تاجروں نے منگل کو ہر بازار میں مظاہروں کی کال دی اور واضح کیا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں صدر کریانہ ایسوسی ایشن محمد شفاق چودھری، صدر مین بازار حاجی عبدالکریم زرگر، سرپرست جی ٹی روڈ چوہدری منور حسین، ساجد رہنما مین بازار قیصر انصاری و دیگر بھی موجود تھے ۔