ڈی جی خان شٹل ٹرین میں سہولتوں کی کمی، مسافروں کا احتجاج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ملتان سے ڈیرہ غازی خان کے درمیان چلنے والی ڈی جی خان شٹل ٹرین میں سہولیات کے فقدان اور شدید رش کے باعث مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے بوگیاں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ شٹل ٹرین روزانہ صبح 5:30 بجے ملتان سے روانہ ہو کر شیر شاہ جنکشن، مظفرگڑھ، بدھ، سناواں، محمود کوٹ، کوٹ ادو، تونسہ بیراج، شادن لنڈ اور بستی درویش لاشاری سے ہوتی ہوئی تقریباً 10 بجے ڈیرہ غازی خان پہنچتی ہے اور 11 بجے واپس ملتان کے لیے روانہ ہو جاتی ہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں صرف دو بوگیاں ہونے کے باعث ہر وقت شدید رش رہتا ہے اور سفر کے دوران تل دھرنے کی جگہ بھی نہیں ملتی۔ طلبہ، مریض، بزرگ اور خواتین کو انتہائی مشکل حالات میں سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ بعض اوقات مسافروں کے ساتھ سامان اور مرغیاں بھی موجود ہوتی ہیں جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔مسافروں کے مطابق وہ باقاعدہ ٹکٹ خرید کر سفر کرتے ہیں اور ریلوے کو آمدن بھی حاصل ہوتی ہے ، اس کے باوجود پہلے چار بوگیوں پر مشتمل ٹرین کو کم کرتے کرتے صرف دو بوگیوں تک محدود کر دیا گیا ہے جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ کوٹ ادو سے سفر کرنے والے مسافروں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں یہ واحد سستا ذریعہ ہے مگر اب سفر اذیت بن چکا ہے ۔عوامی حلقوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کم از کم چار بوگیاں شامل کی جائیں تاکہ مسافروں کو ریلیف مل سکے ۔