فرائض میں غفلت ،میپکو کے دو میٹر ریڈر نوکری سے فارغ
پینڈنگ ہزاروں یونٹس، غیر حاضری ، غیر ذمہ دارانہ رویے پر کارروائی کی گئی
شجاع آباد (نامہ نگار) میپکو شجاع آباد ڈویژن میں محکمانہ غیر ذمہ دارانہ رویہ، ہزاروں یونٹس کے پینڈنگ اور کئی ماہ کی مسلسل غیر حاضری کے باعث دو میٹر ریڈرز کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایکس ای این میپکو شجاع آباد ڈویژن انجینئر عمیر قاسم کی ہدایات پر ایس ڈی او میپکو شجاع آباد سب ڈویژن فرحت مجاہد اور ایس ڈی او میپکو سکندرآباد سب ڈویژن رانا اشتیاق نے کارروائی کرتے ہوئے میٹر ریڈر فیصل انور اور حمزہ ارشاد کو ملازمت سے فارغ کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں کی جانب سے طویل عرصے سے ڈیوٹی میں غفلت برتی جا رہی تھی، جس کے باعث صارفین کے ہزاروں یونٹس پینڈنگ تھے اور محکمانہ امور متاثر ہو رہے تھے ۔اس موقع پر ایکس ای این عمیر قاسم، ایس ڈی او فرحت مجاہد اور ایس ڈی او رانا اشتیاق نے کہا کہ ادارے اور عوام کو نقصان پہنچانے والے غیر ذمہ دار افراد کی میپکو میں کوئی گنجائش نہیں ہےاور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔