ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

 ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا اجلاس، 21 ارب 60 کروڑ کے منصوبوں کا جائزہ

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع وہاڑی میں جاری 21 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی پروگرام حکومت پنجاب کا ایک اہم اور انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد جدید میونسپل سروسز کی فراہمی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بورے والا اور گگو منڈی میں 9 ارب روپے ، وہاڑی شہر میں 6 ارب 10 کروڑ روپے جبکہ میلسی میں ساڑھے 6 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ان منصوبوں میں جامع سیوریج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز، ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس اور زیر زمین واٹر ٹینکس شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سولرائزیشن، فٹ پاتھوں کی تعمیر اور ضروری مشینری و آلات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 24 پیکیجز کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں جن میں سے 7 پیکیجز پر عملی کام شروع ہو چکا ہے ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، ایم او آئی محمد فضل اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں