علی پور روڈ تعمیر کے پہلے مرحلے کا آغاز، ٹینڈر اگلے ہفتے
ماڈل ویلیج منصوبے میں دو مواضعات شامل، پانی چوری روکنے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان
مونڈکا (نامہ نگار) علی پور المعروف قاتل روڈ کی تعمیر کے پہلے مرحلے کا آغاز اگلے ہفتے متوقع ہے ، اس سلسلے میں ٹینڈر جاری کیے جائیں گے جبکہ سڑک کے دونوں اطراف نکاسی آب کیلئے کھال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ یہ اعلان ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان نے ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈی پی او مظفرگڑھ نے بھی خصوصی شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ ضلع مظفرگڑھ کیلئے نصف صدی بعد ایک بڑا ترقیاتی اقدام ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار رہا، تاہم منتخب نمائندوں کی مشترکہ کوششوں سے اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے ۔ منصوبے کے تحت آباد علاقوں میں سڑک کی چوڑائی 86 فٹ جبکہ کھلے علاقوں میں 110 فٹ ہوگی، درمیان میں گرین بیلٹ جبکہ اطراف میں دس، دس فٹ فٹ پاتھ اور بارشی پانی کے فوری اخراج کیلئے نکاسی آب کا نظام بنایا جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ موضع رقبہ نور خان اور موضع مونڈ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ماڈل ویلیج پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے جہاں پکی گلیاں، نالیاں، لائٹنگ، پارک، سکول اور ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں ٹیل تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پانی چوری کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت مقدمات نوکروں یا مزارعین کی بجائے براہ راست مالکان کے خلاف درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔