پرائیویٹ سکولوں کیلئے سیفٹی ایپ رجسٹریشن لازمی قرار
ملتان (خصوصی رپورٹر) پرائیویٹ سکولوں کیلئے پنجاب سیفٹی ایپ میں رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ ۔۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں کی سکیورٹی اور معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق تمام پرائیویٹ سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس اور ہائی جین سرٹیفکیٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مزید کہا گیا ہے کہ طلبہ کی سہولت کیلئے کم از کم 50 فیصد بچوں کو بس سروس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ آمد و رفت کا نظام بہتر ہو سکے ۔محکمہ کے مطابق یہ اقدامات اسکولوں میں سکیورٹی، نظم و ضبط اور محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔