جھوٹی درخواستیں دینے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
ٹرانسپورٹرز وفد کی ایکسائز حکام سے ملاقات، قانونی کارروائی کی یقین دہانی
ملتان (کرائم رپورٹر)ڈائریکٹر ایکسائز ملتان ڈویژن افتخار بھلی سے پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداروں نے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری جاوید اختر ملک، سرپرست اعلیٰ مظفرگڑھ اعجاز ملک، صدر جنوبی پنجاب ملک ساجد اعوان اور صوبائی رابطہ سیکرٹری سید فضل عباس شاہ شامل تھے ۔وفد نے ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر برانچ ملتان اسد اللہ خان، انسپکٹر ایکسائز علی عباس خان، طاہر عباس سندھیلہ اور محمد عمران سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں خصوصاً اُن جعلی درخواستوں کا معاملہ زیر بحث آیا جن میں پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کا نام استعمال کرکے افسروں کو بلیک میل کرنے اور بھاری رقوم طلب کرنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ شرکا نے کہا کہ ایسے عناصر نہ صرف قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں بلکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بدنامی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایکسائز اور ای ٹی او ایکسائز نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جھوٹی درخواستیں دینے اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔