این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کا اصلاحاتی منصوبہ شروع، شبرعتیق
انجینئرنگ ،آئی ٹی، مصنوعی ذہانت،سائبر سکیورٹی کے شعبے فعال کئے جارہے
ملتان(خصوصی رپورٹر)این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شبر عتیق نے کہا ہے کہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، تعلیمی معیار بہتر بنانے ، کرپشن کے خاتمے اور انتظامی شفافیت کیلئے جامع اصلاحاتی منصوبے پر عمل شروع کردیا گیا ہے ۔پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کو جنوبی پنجاب کی بہترین جامعات میں شامل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔ انجینئرنگ، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا سائنس سمیت جدید شعبہ جات کو فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل بڑھایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو انٹرن شپ، تحقیق اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ ادارے میں مالی و انتظامی شفافیت کیلئے خریداری اور ٹینڈرنگ کے نظام کو قواعد کے مطابق بنایا جا رہا ہے جبکہ غیر ضروری اخراجات کم کرنے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ ملازمین کے مسائل، سروس سٹرکچر، ترقیوں اور تربیتی پروگرامز پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں ڈسپلن، سکیورٹی، ای لائبریری، سمارٹ کلاس رومز اور جدید لیبارٹریز کے قیام پر کام جاری ہے ، جبکہ تحقیق اور جدت کے فروغ کیلئے ریسرچ کلچر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔